وزیر اعظم (کل) دوروزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے

 
0
349

 

کراچی ،دسمبر21(ٹی ایس ایس): وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کل (جمعہ) دوروزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔ جمعہ کو وزیراعظم پاک عرب پائپ لائن کمپنی (پیپکو) کے وائٹ آئل پائپ لائن موگس کے پروجیکٹ کاافتتاح کریں گے۔ اس تقریب کا انعقاد پیپکو نے 22 دسمبر کو پورٹ قاسم اسٹیشن پر کیا ہے۔پیپکو کا مقصد اس پراجیکٹ کے ذریعے اپنی موجودہ 26 انچ قطر کی 786 کلومیٹر طویل وائٹ آئل پائپ لائن کو کئی مصنوعات کے استعمال کے قابل بنانا ہے۔

یہ منصوبہ اسٹریٹیجک نوعیت کا ہے جس میں موگس اسٹوریج ٹینکوں اور نئے HSD کی تعمیر، گینٹریوں سے مصنوعات کی فراہمی اور ٹرانس مکس پراسسنگ فیسیلیٹی کے متعلقہ کام جیسے سول، میکینیکل، الیکٹریکل، آلات اور کنٹرول ورکس درکار ہوں گے۔ڈبلیو او پی موگس پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد 255,000 ٹن فیول جمع کرنے کی گنجائش سسٹم میں شامل ہوگی۔ اس منصوبے کے ملک اور انرجی شعبے کے لیے کئی اہم فوائد ہیں ۔ کراچی سے محمود کوٹ موگس کے لیے ٹرانسپورٹ کی لاگت کم ہوگی جو تقریباً 50 فیصد کمی ہے، اس سے کارکردگی میں اضافہ، محفوظ سپلائی، یقینی فراہمی اور لوجسٹکس سسٹم کی بہتری شامل ہے اس سے پورے ملک کو فائدہ ہوگا اور ملک کے روڈ انفرااسٹرکچر کی حالت خراب نہیں ہوگی۔