لاہور ،جنوری31(ٹی این ایس):لاہورہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف،مریم نواز اور راناثنااللہ کے خلاف توہین عدالت کی متفرق پر سابق وزیر اعظم نواز شریف سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری آمنہ ملک کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ جڑانوالہ جلسے میں نواز شریف، مریم نواز اور راناثنااللہ نے عدلیہ مخالف بیان بازی کی. عدلیہ کے خلاف بیان بازی توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔
وکیل نے نشاندہی کی کہ پیمرا نے عدلیہ مخالف تقاریر کو نشر کیا لہٰذا عدالت مریم نواز ،نواز شریف اور رانا ثنااللہ کے خلاف توہین عدالت کارروائی کا حکم دے اور عدالت پیمرا کے خلاف بھی کاروائی کا حکم دے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ ہر تقریر پر درخواست دائر نہ کریں توہین عدالت کی ایک ہی درخواست کافی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ دلائل کے وقت یہ ساری باتیں بتا دیں کہ کہاں کہاں توہین عدالت کی گئی ہے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور سماعت 14 فروری تک ملتوی کردی۔