ملکی ترقی میں خواتین کے کردار کے پیش نظر حکومت نے خواتین کے تحفظ کیلئے اہم قانونی اقدامات کئے ہیں‘رفیق رجوانہ 

 
0
405

لاہور,مارچ 9(ٹی این ایس) :فیڈریشن آف پاکستان چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی ) ریجنل آفس لاہور کے تحت خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے گورنر ہاؤس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کاتعلیم اور دیگر شعبوں میں کردار قابل ستائش ہے، ملکی ترقی میں خواتین کے کردار کے پیش نظر حکومت نے خواتین کے تحفظ کے لئے اہم قانونی اقدامات کئے ہیں۔آج کا پاکستان پہلے کے پاکستان سے کئی گنا بہتر ہے تاہم ہمیں مزید بہتر ی کے لئے کام کرنا ہوگا۔گورنر پنجاب نے ا یف پی سی سی آئی نائب صدرو ریجنل چےئرمین چوہدری عرفان یوسف کو خواتین کی حقوق کے سلسلے میں شاندار تقریب منعقد کروانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ کارپوریٹ سکیٹر بھی سوشل سیکٹر میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ خواتین کے حقوق انسانی حقوق ہیں اور خواتین کو بااختیار بنانے کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔خواتین کی معیشت میں عملی شرکت کے بغیر ترقی کا مقصد حاصل نہیں کیا جا سکتا۔سارک چیمبر کے نائب صدر افتخار علی ملک اور ریجنل چےئرمین چوہدری عرفان یوسف نے کہا کہ خواتین کے حقوق کیلئے منظم قومی پالیسی بنائی جائے۔

انہوں نے پنجاب حکومت کی طرف سے خواتین کے تحفظ کا بل منظور کرنے کوایک سنگ میل قرار دیا۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ خواتین پر مشتمل ہے اور ملکی ترقی کے کیلئے ان کی تعلیم اور یکساں مواقع فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے،جب تک خواتین کو مردوں کی سپورٹ حاصل نہ ہو تو وہ ترقی نہیں کر سکتیں۔ ایم این اے شائستہ پرویز ملک نے کہاکہ سیاست میں خواتین کی موثر شمولیت ضروری ہے۔خواتین کی ترقی کے بغیر ملک کی ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔پنجاب میں خواتین کی ترقی کے لئے مرتب ہونے والی پالیسی سے مستقبل میں خواتین کو معاشرے میں مردوں کے برابر حقوق اور مواقع یقینی بنانے صنعتی امتیاز کے خاتمے کے ساتھ ساتھ خواتین کو انکے آئینی خاندانی اور قانونی حقوق کو تحفظ حاصل ہوگا۔ جسٹس(ر)ناصرہ جاوید اقبال نے کہاکہ کوئی بھی ملک خواتین کے تعاون ،لگن اور محنت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ پاکستان کی باصلاحیت خواتین پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر شبنم ظفر اور سابق نائب صدر معصومہ سبطین نے کہاکہ پاکستانی خواتین نے تحریک پاکستان میں بے مثال کردار ادا کیا،خواتین کی اس عظیم جد وجہد کو دنیا بھر میں احترام کی نگاہ سے دیکھا جا تا ہے آج پاکستانی خواتین زندگی کے ہرشعبے میں اپنی اعلی صلاحیتوں کے بل بوتے پر بہترین خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔