پنجاب حکومت کے پولٹری ایسو سی ایشن کیساتھ مذاکرات کامیاب، مرغی کی قیمتوں میں12روپے کمی کا اعلان 

 
0
1718

پاکستان پولٹری ایسو سی ایشن کی جانب سے مرغی کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ خوش آئند ہے، سعودی عرب ، ابوظہبی، قطر اور عمان کی جانب سے پاکستان کو برڈ فلو سے مکمل محفوظ ملک قرار دینا خوش آئند ہے‘نگران صوبائی وزیر لائیو سٹاک میاں نعمان کبیر
لاہور 06جولائی(ٹی این ایس)صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ میاں نعمان کبیرکے پاکستان پولٹری ایسو سی ایشن کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو گئے ،صوبائی وزیرکی درخواست پر پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے مرغی کی قیمتوں میں کمی کا اعلا ن کر دیا ہے،پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کی جانب سے چکن کی قیمتوں میں12روپے فی کلو کمی کر دی گئی ہے جس سے عوام کو ریلیف ملا ہے۔صوبائی وزیر میاں نعمان کبیر نے کہا ہے کہ نگران صوبائی حکومت عوام کی فلاح کیلئے سر گرم ہے اورمحدود آئینی مدت میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جارہا ہے ۔پاکستان پولٹری ایسو سی ایشن کی جانب سے مرغی کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ خوش آئند ہے اور یہ امر بھی خوش آئند ہے کہ سعودی عرب ، ابوظہبی، قطر اور عمان نے پاکستان کو برڈ فلو سے مکمل محفوظ ملک قرار دیا ہے۔اس لئے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن خلیجی ممالک میں پولٹری کی برآمدات پر خصوصی توجہ دے اور حکومت پنجاب پولٹری انڈسٹری کی ترقی کیلئے ضروری معاونت مہیاکرے گی۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ میاں نعمان کبیر نے صوبائی وزیر خزانہ ضیاء حیدر رضوی کے ہمراہ سابق صدر چیمبر آف کامرس عبدالباسط کی قیادت میں پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد سے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی ۔وفد نے صوبائی وزراء کوایکسائز سمیت مختلف محکموں کی جانب سے ہچریز اور پولٹری فارمز پر بے جا ٹیکسز کے حوالے سے اپنے تحفظا ت سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے وفد کو ان کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ جہاں جہاں عوام اور انڈسٹری کو ریلیف دیا جا سکتا ہے دیں گے۔لائیو سٹاک کے نمائندے نے بتایا کہ سعودیہ، ابوظہبی، قطر اور عمان نے پاکستان کو برڈ فلو فری ملک قرار دے دیا ہے اور پاکستان سے پولٹری ایکسپورٹ میں دلچسپی لے رہے ہیں۔اس لئے ان ممالک کو ایکسپورٹ کیلئے مرغی کے گوشت اور انڈوں کی پیداوار میں اضافے کیلئے جدید ریسرچ سے استفادہ کیا جائے۔انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ لائیو سٹاک کا عملہ مرغی پال حضرات کو بیماریوں سے آگاہ کرئے تا کہ پولٹری انڈسٹری کو مون سون کے موسمی اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔پولٹری انڈسٹری سے وابستہ افراد کو مرغیوں کو مختلف موسمی بیماریوں سے بچاؤ کیلئے آگاہی بھی دی جائے۔محکمہ لائیو سٹاک ملکی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مرغیوں اور انڈوں کی پیداوا ربڑھانے کے حوالے سے اس فیلڈ سے وابستہ افراد کو موثرراہنمائی فراہم کر رہاہے۔صوبائی وزیرخزانہ ضیاء حیدر رضوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔ نگران حکومت معینہ مدت کیلئے آئی ہے اور اس کے قیام کا مقصدشفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔انہوں نے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عوام اور انڈسٹری کے مسائل کا حل چاہتے ہیں ہیں، اسی لئے انہوں نے اوپن ڈور پالیسی متعارف کروائی ہے جس کے تحت متعلقہ سیکرٹریز اپنے اپنے محکموں میں روزانہ کی بنیاد پر لوگوں کے مسائل حل کریں گے۔بعدازاں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ میاں نعمان کبیر نے لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔چیف ایگزیکٹو مریم خاور نے صوبائی وزیر کو محکمہ کے امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔