30امریکی طوطے سمگل کرنے کی کوشش ناکام ، ملزم گرفتار ، ایک لاکھ روپے جرمانہ 

 
0
462

ملزم ظہور قادری طوطے کراچی سے جہلم لارہاتھا ، کارروائی ویجیلنس سکواڈ کی خفیہ اطلاع پرکی گئی 
ڈی جی وائلڈلائف کی کامیاب کارروائی پرڈپٹی ڈائریکٹرعبدالشکورمنج اور چھاپہ مارٹیم کوشاباش 
لاہور 06جولائی(ٹی این ایس)ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان کے تشکیل دئیے گئے ویجیلنس سکواڈ کی خفیہ اطلاع پر ڈسٹرکٹ وائلڈلائف افسر جہلم عاصم چیمہ نے چھاپہ مار کر کراچی سے جہلم سمگل کئے جارہے 30ایمازون پیرٹس(امریکی طوطے ) برآمد کرکے ملزم ظہور قادری کو گرفتار کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف گوجرانوالہ و انچارج ویجیلنس سکواڈ عبدالشکور منج کو خفیہ طور پر اطلاع ملی کہ ملزم ظہور قادری بذریعہ ٹرین امریکی طوطے کراچی سے جہلم سمگل کررہا ہے جس پر انہوں نے ڈسٹرکٹ وائلڈلائف افسر جہلم عاصم چیمہ کو فوری طور پر مطلع کیا اور انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جہلم ریلوے سٹیشن کے باہر ناکہ بندی کردی اور جب ملزم ظہور قادری پرندے لیکر سٹیشن سے باہر نکلا تو انہوں نے اسے پرندوں سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ بعدازاں ملزم کی درخواست پراس سے ایک لاکھ روپے بطور محکمانہ معاوضہ وصول کرکے سرکاری خزانے میں جمع کروادیا ہے ۔ڈی جی وائلڈلائف خالد عیاض خان نے ویجیلنس سکواڈ کے انچارج عبدالشکور منج ، ڈسٹرکٹ وائلڈلائف افسر عاصم چیمہ اور ان کی ٹیم کو بروقت کارروائی کرنے پرشاباش دی اورصوبہ بھر کے ضلعی افسران کو اپنے متعلقہ علاقوں میں پرندوں کی سمگلنگ میں ملوث افراد پرکڑی نگاہ رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔